شمالی پاکستان میں مون سون کے دوران گلیشیئر پگھلنے اور اچانک سیلاب کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

موسمی جائزہ

0
3

اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) نے 2026 کے مون سون سیزن کے لیے ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ (HKH) ریجن سے متعلق موسمی جائزہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر معمول کے مطابق بارشوں کا امکان ہے، تاہم معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز اور برف کے تیزی سے پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے موسمی جائزے میں کہا گیا ہے کہ شمالی پہاڑی علاقوں میں مون سون کے دوران بارشیں معمول کے قریب رہنے کی توقع ہے۔ یہ پیش گوئی بین الاقوامی موسمیاتی اداروں، جن میں ICIMOD، APCC، Copernicus Climate Change Service (C3S)، IRI اور South Asian Climate Outlook Forum (SASCOF-34) شامل ہیں، کی رپورٹس سے بھی مطابقت رکھتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے مشرقی علاقوں میں گرمی کی شدت نسبتاً زیادہ ہو سکتی ہے۔ زیادہ درجہ حرارت برف اور گلیشیئرز کے پگھلنے کے عمل کو تیز کرے گا، جس سے دریاؤں میں پانی کی مقدار بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید اور قلیل دورانیے کی بارشیں پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب (Flash Floods)، لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور پہاڑی ڈھلوانوں کے کھسکنے جیسے خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔

رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ معمول سے زیادہ گرمی کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (Glacial Lake Outburst Floods – GLOFs) کے واقعات کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں بلند پہاڑی جھیلیں موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق معمول کے مطابق بارشیں شمالی علاقوں میں آبی ذخائر اور دریاؤں میں پانی کی فراہمی کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گی، تاہم شدید بارشوں اور برف پگھلنے کے امتزاج سے بعض وادیوں میں مقامی سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی وادیوں اور پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے پیشگی تیار رہیں۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 2026 کا مون سون سیزن شمالی پاکستان کے لیے نمی اور پانی کی دستیابی کے اعتبار سے سازگار رہنے کی توقع ہے، تاہم درجہ حرارت میں اضافے اور مقامی شدید بارشوں کے باعث ہائیڈرو میٹرولوجیکل خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل نگرانی اور بروقت احتیاطی اقدامات ناگزیر ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا