لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں جاری دی ہنڈریڈ 2026 کے میچ میں انگلش آل راؤنڈر Will Jacks نے ایسا شاندار کیچ تھام لیا جس نے نہ صرف اسٹیڈیم میں موجود شائقین بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں کو حیران کر دیا۔
لندن اسپرٹ اور ایم آئی لندن کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں پہلی اننگز کی 49ویں گیند پر نصف سنچری مکمل کرنے والے Lhuan-dre Pretorius نے لانگ آف کی جانب ایک بلند شاٹ کھیلا جو بظاہر چھکے کے لیے جا رہا تھا۔
باؤنڈری پر موجود ول جیکس نے غیرمعمولی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہوا میں چھلانگ لگا کر گیند کو باؤنڈری پار جانے سے روکا، پھر نہایت مہارت سے اسے میدان کے اندر اچھال دیا۔ اس دوران انہوں نے اپنے قدم باؤنڈری لائن سے بچائے رکھے، فوری طور پر دوبارہ میدان میں داخل ہوئے اور ایک لمبی ڈائیو لگا کر ایک ہاتھ سے حیران کن کیچ مکمل کر لیا۔
ول جیکس کے اس غیر معمولی کیچ نے میدان میں موجود ہر شخص کو حیرت میں ڈال دیا، جبکہ کمنٹیٹرز نے بھی اسے ٹورنامنٹ کے بہترین اور یادگار ترین کیچز میں سے ایک قرار دیا۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور کرکٹ شائقین اسے جدید کرکٹ کے شاندار ترین فیلڈنگ لمحات میں شمار کر رہے ہیں۔
