بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ جاپان کے منفرد صفائی نظام سے اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں آئس کریم کھانے کے بعد کچرا پھینکنے کے لیے کافی دیر تک کوڑے دان ہی نہیں ملا۔
دلجیت دوسانجھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاپان کے سفر کی ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ آئس کریم خریدنے کے بعد خالی ریپر ہاتھ میں لیے سڑکوں پر کوڑے دان تلاش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں انہوں نے جاپان کی صاف ستھری سڑکوں اور منظم ماحول کی تعریف کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا، “جاپان اتنا صاف ہے کہ لگتا ہے انہوں نے کوڑے دان بھی صاف کر دیے ہیں، کہیں کوئی ڈسٹ بن نظر ہی نہیں آ رہا۔”
دلجیت نے اپنی ویڈیو میں جاپان کے مختلف مقامات کی جھلکیاں بھی دکھائیں، جہاں وہ ایک انگوٹھی خریدتے اور مقامی ریسٹورنٹ میں روایتی جاپانی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔
درحقیقت جاپان میں صفائی کا ایک منفرد اصول رائج ہے، جس کے تحت لوگ گھر سے باہر کھانے پینے کے بعد پیدا ہونے والا کچرا عموماً اپنے ساتھ واپس لے جاتے ہیں اور گھر یا مخصوص مقامات پر ٹھکانے لگاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جاپان کی بیشتر سڑکوں پر عوامی کوڑے دان بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔
دلجیت دوسانجھ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین جاپان کی صفائی، نظم و ضبط اور شہری شعور کو سراہنے کے ساتھ ساتھ دلجیت کے دلچسپ انداز کو بھی خوب پسند کر رہے ہیں۔