مہنگائی سے پریشان عوام پر ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اگست 2026 کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 13 روپے فی کلوگرام اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 254 روپے فی کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 241 روپے سے بڑھ کر 254 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے تحت 11.8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر 152 روپے اضافے کے بعد 3,001 روپے جبکہ 45.4 کلوگرام کا کمرشل سلنڈر 585 روپے مہنگا ہو کر 11,546 روپے کا ہو جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا، جس سے گھریلو صارفین، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری شعبوں کے اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان نے مسائل حل نہ ہونے پر ملک گیر احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ غریب عوام کو سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور سرکاری کمپنیوں کو ہدایت دی جائے کہ وہ اوگرا سے لائسنس یافتہ مارکیٹنگ کمپنیوں میں مساوی بنیادوں پر ایل پی جی تقسیم کریں تاکہ مصنوعی قلت، بلیک مارکیٹنگ اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں قدرتی گیس کی قلت کے باعث لاکھوں صارفین ایل پی جی پر انحصار کر رہے ہیں، جبکہ ملکی طلب کا تقریباً 60 فیصد درآمدی ایل پی جی سے پورا کیا جاتا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ایل پی جی پر عائد ٹیکس کم کیے جائیں اور پالیسی میں اصلاحات کی جائیں تاکہ صارفین کو سستی گیس فراہم کی جا سکے۔
