اسلام آباد میں غیر قانونی اور تجارتی گردے کی پیوند کاری کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال کے سی ای او اور مالک ڈاکٹر شوکت بنگش کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ڈاکٹر شوکت بنگش کو غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کیس میں مبینہ سہولت کاری اور انتظامی کردار کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ اس کیس میں اس سے قبل 6 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں کڈنی ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر نادر اور ٹرانسپلانٹ کوآرڈینیٹر عدیل شیرازی بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانتیں بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سے مسترد ہو چکی ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے ڈاکٹر شوکت بنگش سے تفتیش کے دوران ہسپتال انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افراد کے ممکنہ کردار کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مبینہ غیر قانونی ٹرانسپلانٹ سرگرمیوں میں کس کس نے سہولت فراہم کی۔
گرفتار ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں تفتیش کے مزید مراحل کا فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ اس معاملے میں عائد الزامات کی حتمی حیثیت کا تعین تحقیقات اور عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی ہوگا۔
