اسلام آباد اور راولپنڈی کے لاکھوں شہریوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہ اسلام آباد ایکسپریس وے کے ساتھ واقع خستہ حال سروس روڈ کی بحالی اور توسیع کے منصوبے پر باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت فیض آباد سے کورال چوک تک تقریباً 8.25 کلومیٹر طویل سروس روڈ کو جدید معیار کے مطابق تعمیر اور کشادہ کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں چھ رویہ سڑک، ایک انڈر پاس اور ایک فلائی اوور بھی شامل ہوگا، جس کا مقصد ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا اور شہریوں کو تیز، محفوظ اور سہل سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علی الصبح منصوبے کے مقام کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو منصوبے پر تیز رفتاری سے کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگرچہ منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک سال کا وقت مقرر ہے، تاہم کوشش کی جا رہی ہے کہ اسے چند ماہ میں مکمل کر لیا جائے تاکہ شہری جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کی تعمیر میں رفتار، معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر مرحلے پر اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو ٹریفک جام، سفر کے دورانیے اور سفری مشکلات میں نمایاں کمی کا سامنا ہوگا، جبکہ ایکسپریس وے پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہونے کی توقع ہے۔
