“معاشرے نے مردوں کو مشین بنا دیا ہے”، متھیرا کا مردوں کی ذہنی صحت پر اہم بیان

0
2

پاکستانی ٹی وی میزبان اور سوشل میڈیا شخصیت متھیرا نے مردوں کی ذہنی اور جذباتی کیفیت پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے میں مردوں پر اس قدر ذمہ داریوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے کہ انہیں ایک انسان کے بجائے “مشین” سمجھا جانے لگا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے متھیرا کا کہنا تھا کہ لڑکوں کی ایسی تربیت ہونی چاہیے جس میں انہیں اپنے جذبات کے اظہار کی آزادی دی جائے۔ ان کے مطابق یہ تاثر کہ مرد کبھی نہیں روتے یا انہیں ہمیشہ مضبوط دکھائی دینا چاہیے، ان کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماؤں، بیویوں اور خاندان کے دیگر افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ مردوں کے جذبات کو بھی سمجھیں اور انہیں اپنی مشکلات اور احساسات بیان کرنے کا موقع دیں۔ اگر مردوں کو ہر وقت صرف ذمہ داریاں نبھانے والی مشین سمجھا جائے گا تو وہ ذہنی اور جذباتی طور پر تھکن کا شکار ہو جائیں گے۔

متھیرا کے مطابق روزگار، معاشی دباؤ اور خاندانی ذمہ داریوں کا مسلسل بوجھ بہت سے مردوں کو ذہنی دباؤ اور جذباتی تھکن میں مبتلا کر دیتا ہے، جس کے باعث وہ بسا اوقات ایک اچھے والد، شوہر، بیٹے یا بھائی کا کردار بھی پوری توانائی کے ساتھ ادا نہیں کر پاتے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں، خصوصاً لڑکوں، کی ایسی پرورش کی جانی چاہیے جس میں انہیں یہ احساس دلایا جائے کہ اپنے جذبات کا اظہار کرنا کمزوری نہیں بلکہ ایک فطری انسانی عمل ہے۔ اداسی، پریشانی یا ڈپریشن جیسے مسائل پر کھل کر بات کرنا شرمندگی نہیں بلکہ ذہنی صحت کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

متھیرا کا کہنا تھا کہ اگر معاشرہ مردوں کو بھی اپنی بات کہنے، مدد مانگنے اور جذبات کے اظہار کا حق دے تو نہ صرف ان کی ذہنی صحت بہتر ہوگی بلکہ مضبوط اور خوشحال خاندان بھی تشکیل پائیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا