راولپنڈی میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک حاضر سروس پولیس اہلکار پر اپنی ضعیف والدہ اور بھائی پر تشدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سول لائن کے علاقے جھنڈا چیچی میں پیش آیا۔ درخواست گزار شمشاد بیگم نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے تین بیٹے ہیں، جن میں سے دو، فرخ منیر اور کاشف منیر، ان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔
درخواست کے مطابق، فرخ منیر نے گھر کی چابیاں طلب کیں، تاہم والدہ نے بتایا کہ چابی گم ہو چکی ہے۔ اس بات پر وہ مبینہ طور پر مشتعل ہوگیا اور اپنی والدہ پر تشدد شروع کر دیا۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے نے انہیں متعدد تھپڑ مارے، بالوں سے کھینچا، چہرہ نوچا اور کپڑے بھی پھاڑ دیے، جس سے وہ زخمی ہو گئیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جب دوسرے بیٹے کاشف منیر نے والدہ کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اس کے ساتھ بھی جھگڑا کیا۔ بعد ازاں ریسکیو 15 کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد معاملہ پولیس تک پہنچا۔
شمشاد بیگم نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ چونکہ ان کا بیٹا حاضر سروس پولیس اہلکار ہے، اس لیے انہیں اپنی اور دوسرے بیٹے کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے حکام سے قانونی تحفظ فراہم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد حقائق اور قانونی کارروائی عدالت میں پیش کی جائے گی۔
