واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان مجوزہ سول جوہری معاہدہ سعودی عرب کی ابراہیمی معاہدوں میں شمولیت سے مشروط ہوگا۔
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی محکمہ توانائی اور سعودی عرب کے درمیان سول جوہری تعاون کا معاہدہ منظور کیا جائے گا، تاہم اس پر عمل درآمد اسی صورت ممکن ہوگا جب سعودی عرب ابراہیمی معاہدوں میں شامل ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ مکمل طور پر پرامن اور غیر فوجی مقاصد کے لیے ہوگا اور اس میں جوہری مواد کی افزودگی (یورینیئم اینرچمنٹ) شامل نہیں ہوگی۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایسے سول جوہری پروگراموں کی مخالفت نہیں کرتا جو توانائی سمیت دیگر پرامن مقاصد کے لیے استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران، متحدہ عرب امارات اور دیگر کئی ممالک کے پاس بھی اس نوعیت کے سول جوہری معاہدے موجود ہیں۔
امریکی صدر کے بیان کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ سعودی عرب کی ممکنہ شمولیت ابراہیمی معاہدوں کے مستقبل اور خطے کی سیاسی صورتحال پر نمایاں اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
