دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے گیٹ کھولنے کے بعد پنجاب میں ہائی الرٹ

0
1

لاہور: مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے بعد بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھولے جانے کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہائی فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔

محکمہ آبپاشی پنجاب کے مطابق ہیڈ مرالہ اور قادرآباد پر ہائی فلڈ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ سیالکوٹ، وزیرآباد اور دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کا بڑا ریلا پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران یہ وزیرآباد پہنچ جائے گا۔

پاکستان محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی 23 جولائی صبح 6 بجے جاری رپورٹ کے مطابق دریائے چناب کے ہیڈ خانکی، قادرآباد اور تریمو پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ اور بلوکی پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق تربیلا، چشمہ، تونسہ، گدو اور پنجند پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ نارووال نالہ، ڈیک نالہ اور نالہ بئیں میں بھی پانی کی سطح بلند ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ہیڈ مرالہ پر 275,608 کیوسک، ہیڈ خانکی پر 261,463 کیوسک، قادرآباد پر 236,255 کیوسک، منگلا پر 99,000 کیوسک، تریمو پر 95,913 کیوسک اور ہیڈ بلوکی پر 73,635 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1,519.11 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ڈیم اس وقت اپنی مجموعی گنجائش کا تقریباً 69 فیصد بھر چکا ہے۔ متعلقہ اداروں نے دریاؤں کے کنارے آباد افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا